بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے میچ سے قبل نیٹ پریکٹس میں حصہ نہیں لیا، جس سے ان کی فٹنس کے بارے میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
پاکستان کے خلاف میچ میں روہت شرما کو ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس ہوئی تھی لیکن میچ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں اور فکر کی کوئی بات نہیں۔
بھارتی میڈیا کی تازہ رپورٹس کے مطابق کپتان روہت شرما نے پریکٹس سیشن کے دوران سخت جسمانی سرگرمیوں سے گریز کیا اور صرف ہلکی دوڑ اور شیڈو بیٹنگ کی۔
یہ احتیاطی تدابیر اس لیے اختیار کی گئیں تاکہ ان کی چوٹ مزید نہ بڑھے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے مکمل طور پر فٹ رہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل اسٹاف روہت شرما کی فٹنس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل ان کی حالت کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔