دولت مشترکہ نے پاکستان میں موجود اپنے شہریوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔ برطانوی اور یورپی شہریوں کو افغان سرحد کے قریبی علاقوں سمیت مختلف علاقوں کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دولت مشترکہ کی جانب سے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں افغانستان کی سرحد سے دس میل اندر تک پاکستانی علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں باجوڑ، بنوں، بونیر، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، لوئر دیر، مہمند، اورکزئی، پشاور، سوات، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔
برطانوی اور یورپی شہریوں کو مانسہرہ سے چلاس کے درمیان شاہراہ قراقرم، بٹگرام، بشام سٹی، داسو اور سجین کے سفر سے بھی گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں چترال، وادی کیلاش اور بلوچستان کے سفر سے بھی منع کیا گیا ہے۔ برطانوی سفارتی ذرائع کے مطابق ایسی سفری ہدایات معمول کا حصہ ہیں اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر وقتاً فوقتاً جاری کی جاتی ہیں۔