ڈیرہ غازی خان کے انڈس ہائیوے پر ایل پی جی ٹینکر میں دھماکے کے بعد بچ جانےوالے دیگر دو ٹینکرز کو بحفاظت دوسرے ٹرالرز کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق نوتک کے مقام پر موجود دو گیس کیپسولز کو بحفاظت ہیوی مشینری کے ذریعے دوسرے ٹرالرز پر منتقل کرنے کے بعد سخت نگرانی میں جائے وقوعہ سے روانہ کردیا گیا ۔ گیس کیپسولز کو قریبی نجی کمپنی کے اسٹیشن پر پہنچایا جائے گا ۔ کیپسولز کے ساتھ ریسکیو کی فائر وہیکلز اور پولیس کی گاڑیاں موجود ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوتک مہیمید کے مقام پر ہوٹل کے ریسٹ ایریا میں کھڑے گیس باوذر سے گیس لیکج کے بعد آگ لگ گئی تھی ، آتشزدگی سے ایک باوذر دھماکہ سے پھٹ گیا تھا جبکہ دیگر دو باوذرز کے ٹرالرز کے ٹائر بلاسٹ ہوگئے تھے۔ جنہیں اب منتقل کردیا گیا ہے۔