امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیج نے کہا ہے کہ میرے خیال میں ٹرمپ انتظامیہ کے سفیر رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا۔
بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران جینٹری بیچ نے ٹرمپ انتظامیہ کے سفیر رچرڈ گرینل سے متعلق باتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا تھا اور انہوں نے جو بات کی وہ پاکستان سے متعلق اپنی انڈراسٹینڈنگ کے مطابق کہی مگر اب پاکستان کے بارے میں پہلے سے زیادہ بہتر انڈراسٹینڈنگ ہے۔
جینٹری بیچ نے کہا کہ رچرڈ گرینل کو پاکستان کی موجودہ صورتحال کا آج زیادہ بہتر ادراک ہوگیا ہوگا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں جانیں دی ہیں اور امریکا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتاہے جبکہ پاکستان کو ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے۔
جینٹری بیچ کا کہنا تھا کہ اُنھوں ( گرینل ) نے خود مجھے بتایا کہ انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے جھوٹی بریفنگز دی گئیں حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں تھا اِس لیے وہ مایوس بھی ہوئے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ایمبیسڈر گرینل کا نکتہ نظر اب واضح ہے اور جو ہم پاکستان میں اب کررہے ہیں وہ اُس کے حامی ہیں۔
یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے سفیر رچرڈ گرینل کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی سے متعلق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر کافی ٹوئٹس کی گئی تھیں جنہیں وہ اب ڈیلیٹ کر چکے ہیں۔