پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارت کی جانب سے جرسی پر پاکستان کا نام لکھنے سے انکار پر سخت موقف اپنایا، جس کے بعد آئی سی سی نے پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو خبردار کیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق، بھارت کی اس حرکت پر آئی سی سی سے باضابطہ احتجاج کیا گیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو رہی ہے، لہذا بھارت کو اپنی جرسی پر میزبان ملک کا نام لکھنا ہوگا۔
آئی سی سی نے پی سی بی کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے بی سی سی آئی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے طرزِ عمل میں تبدیلی لائے اور چیمپئنز ٹرافی کے ضوابط کی مکمل پاسداری کرے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دورے کے دوران پی سی بی نے آئی سی سی وفد کو تنازعات سے بچنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ غیر ضروری تنازعات سے ایونٹ، پی سی بی اور آئی سی سی کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو یاد دلایا کہ اپنی پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے تاکہ کسی بھی تنازع سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو جرسی پر یو اے ای کا نام لکھنے کی درخواست کی تھی، آئی سی سی نے بھارت کی ایک نہ سنی اور پاکستان کا نام لکھنے کا کہا۔