سمال اینڈ میڈیم انٹر پرایزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سمیڈا ) نے کاروباری افراد کے لیے آسان قرضہ اسکیم متعارف کرا دی۔
سمیڈا نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ، پاکستان بینک ایسوسی ایشن اور چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے آسان قرضہ اسکیم لانچ کی ہے جبکہ اس مقصد کے لیے حکومت نے سمیڈا کو 5 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔
لاہور میں ہونے والی تقریب میں سمیڈا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گیے۔
اس موقع پر سی ای او سمیڈا سقراط امان رانا نے کہا کہ کسی ملک میں جب تک سمال اینڈ میڈیم بزنس ترقی نہیں کرتا ملک خوشحال نہیں ہو پاتا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کے لیے بنک سے قرضہ لینا مشکل تھا مگر اب سمیڈا نے اسے آسان بنا دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنکوں کو بھی قرضے دینے کے لیے پابند کیا ہے اور جو بنک اس پر عمل نہیں کرے گا اس کا لائسنس منسوخ ہو سکتا ہے۔