لبنان کی پارلیمنٹ نے آرمی چیف جوزف عون کو صدر منتخب کر لیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں لبنان کے آرمی چیف جوزف عون نے صدارت کا انتخاب جیتنے کے لئے 128 نشستوں پر مشتمل پارلیمنٹ سے 99 ووٹ حاصل کیے۔
جوزف عون ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق جوزف عون امریکا اور سعودی عرب سمیت بین الاقوامی برادری کے پسندیدہ امیدوار سمجھے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق لبنانی صدر میشیل عون کی مدت صدارت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے لبنان میں صدر کا عہدہ خالی تھا۔
60 سالہ جوف عون نے حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ لبنان کی تاریخ میں آج سے ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔
جوف عون کون ہیں ؟
جوزف خلیل عون 10 جنوری 1964 کو بیروت کے نواحی علاقے سن الفیل میں پیدا ہوئے، ان کی ابتدائی تعلیم کالج دی فریر مون لا سال میں ہوئی جبکہ انہوں نے لبنانی امریکن یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی امور میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی جس کے علاوہ انہوں نے لبنانی فوجی اکیڈمی سے فوجی سائنس میں بھی بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
فوجی کیریئر
جوزف عون نے 1983 میں لبنانی فوج میں شمولیت اختیار کی اور 2017 میں لبنانی فوج کے 14 ویں کمانڈر کے طور پر ترقی پائی، انہوں نے متعدد فوجی تربیتی کورسز میں حصہ لیا جس میں لبنان، شام اور امریکا میں تربیت شامل ہے۔