پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ویزوں سے متعلق تحفظات پر آئی سی سی کا ردعمل سامنے آگیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق آئی سی سی نےیقین دلایا کہ وہ معاملے کو دیکھ رہی ہے اور پاکستانی شائقین کے ویزوں کے لیے کوشش کرتے رہیں گے تاہم حتمی فیصلہ بھارتی حکومت کے اختیارمیں ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پانچواں میچ 23 اکتوبر بروز پیر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔ مسلسل دو شکستوں کے بعد گرین شرٹس کے لئے یہ میچ بہت اہم ہے ، پاکستان نے4میچ کھیل کر2میں کامیابی حاصل کی اور دو میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز اور دوسرے میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے زیر کیا تاہم تیسرے میچ میں اسے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں اور چوتھے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 62 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔