وزیراعظم شہبازشریف نے جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہاجنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پرالمناک طیارہ حادثے کا سن کربہت دکھ ہوا۔ غم کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں اور کورین حکومت کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ سے جنوبی کوریا جانے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران المناک حادثے کا شکار ہوگیا۔ طیارہ رن وے سے اترکر باڑ سے ٹکرا گیا۔ مسافر طیارے میں ایک 181 افراد سوار تھے۔ 120 ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی جبکہ دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بنکاک سے موان جانے والے بوئنگ سیون تھری سیون طیارے میں ایک سو پچھہتر مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ حادثے کے وقت ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں طیارے کو زمین سے رگڑ کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، باڑ سے ٹکرانے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔
خبرایجنسی کے مطابق حادثے سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکرایا، جس کے بعد لینڈنگ گیئرمیں فنی خرابی کے باعث طیارہ رن وے سے پھسل کرحفاظتی باڑ سے ٹکرا کرتباہ ہوا۔






















