سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی دسویں برسی آج منائی جارہی ہے، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی دعائیہ تقریبات ہوں گی جس میں شہداء کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ اور قرآن خوانی کا اہتمام بھی ہوگا۔
سولہ دسمبر کا وہ بھیانک دن جب دہشت گردوں نے معصوموں کے خون کی ہولی کھیلی۔ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پرحملہ کیا۔ اسکول پرنسپل اور اسٹاف سمیت 140 بچے شہید ہوئے۔ سانحے کا غم آج بھی تازہ ہے۔ سولہ دسمبرکا دن آتے ہی پشاور کی فضا سوگوار ہو جاتی ہے۔
سولہ دسمبر 2014 کو امن اور تعلیم کے دشمنوں نے آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا، دہشت گرد سکول کے عقبی راستے سے صبح 10 بجے کے قریب عمارت میں داخل ہوئے، اس وقت آٹھویں ،نویں اور دسویں جماعت کے طالب علم آڈیٹوریم میں تربیت میں مشغول تھے۔
دہشت گردوں نے ہال میں داخل ہوتے ہی ہر طرف اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور اے پی ایس کی دیواروں کو خون سے رنگ دیا، دہشتگردوں کی فائرنگ سے پرنسپل ،اساتذہ ،طلبہ اور دیگر عملے سمیت 140 سے زائد افراد شہید ہوئے۔
سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے بھرپورکارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا، سانحہ اے پی ایس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نئی روح پھونکی، نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا اور قبائلی علاقوں سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔