وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے بحرانی معاشی صورتحال پر قابو پاچکا ہے۔
ہفتے کے روز وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعاون ، سرمایہ کاری ، تجارت اور راہداری کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مشترکہ تاریخ ، مذہب اور تہذیب دونوں ممالک کے تعلقات بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور یہ سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کی بنیاد بھی ہیں ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پاکستان بہترین روڈ انفراسٹرکچر کا خواہاں ہے جبکہ شاہراہوں کی وسعت سے وسط ایشیائی ممالک کی پاکستانی معاشی مراکز اور پاکستان کی بندرگارہوں تک رسائی بہتر ہوگی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی صنعتی مصنوعات وسط ایشیائی ممالک کیلئے بہترین آپشن ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اندرون و بیرون ملک ڈسپلے سینٹرز سے ایک ہی چھت کے نیچے صنعتی مصنوعات ملکی اور غیر ملکی بزنس کمیونٹی کو دستیاب ہوں گی۔
اس موقع پر قازق سفیر یرزہان کستافن نے کہا کہ پاکستان سے بہترین تجارتی اور راہداری تعلقات قازقستان کے اپنے مفاد میں ہیں۔