وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ چند ماہ پہلے آئی ایم ایف پیکج کیلئے سعودی عرب نے مدد کی، آج ان کے دل پر ایسے الزام سے کیا گزررہی ہوگی، پاکستان پر پابندیاں لگیں تو سعودی عرب نے مفت تیل دیا، پرویز مشرف دور میں مفت تیل کی فراہمی کو بڑھا دیا، سعودی عرب نے پاکستانی عوام کی مدد کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر بھی دیئے۔
وزیراعظم شہبازشریف کچھی کینال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرفرازبگٹی کو مبارک باد دیتاہوں، کچھی کینال کی بحالی کے ذریعے اس کینال کی کمانڈ ایریا کو دوبارہ زندگی ملے گی، سرفرازبگٹی کی ذاتی کاوشوں اور دلچسپی کا نتیجہ ہے، احسن اقبال، چیئرمین واپڈا، پنجاب حکومت کے تعاون سے یہ معاملہ آج مکمل ہوا ، منصوبے کی فزیبلیٹی کا 1998میں آغاز ہوا جو نوازشریف کا دور تھا، نوازشریف کا دوبارہ دورآیا تو 2018میں اس منصوبے کو مکمل کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ جب میں پنجاب کا خادم تھا کہ اکثر یہاں آتاتھا، کچھی کینال پر اب تک 100ارب روپے لاگت آ چکی ہے، کچھی کینال منصوبے کے اصل محسن نوازشریف ہیں، 2022کے سیلاب میں کچھی کینال کا بہت نقصان ہوا، احسن اقبال، چیئرمین واپڈا کا مشکور ہوں جنہوں نے کینال کی تعمیر مکمل کی، کینال کے دوسرے مرحلے کو مکمل کرنا اصل چیلنج ہے، کینال کے اگلے مرحلے کو مکمل کرنے کیلئے جہاں سے بھی وسائل لانا پڑے لائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے پر فوری توجہ دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں میرٹ کو دوبارہ بحال کیا، بلوچستان کیلئے ٹیوب ویلز کیلئے سولرائزیشن کا منصوبہ شروع کیا، بلوچستان کے عوام کیلئے وزیراعلیٰ کے درد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ نوجوان ہیں، عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کینسر اسپتال کی دن رات تعمیر ہو رہی ہے، کسانوں کو ٹریکٹر دیئے جارہے ہیں، زرعی شعبے میں انقلاب آ جائے گا، صحت کے میدان میں مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہیں ، اس کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے، پاکستان کو محنت اور دیانت کی بنیاد پر آگے لے کر جایا جا سکتا ہے، محنت سے پنجاب میں ترقی کے دروازے کھلیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ ہم سب مل کر پاکستان کی تقریر بدلیں گے، سعودی عرب نے بلاتفریق ہمیشہ پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومتوں کی بھرپور معاونت کی، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی وہ معاونت کی جس کی مثال نہیں ملتی ، سعودی عرب نے77سال میں کبھی پاکستان سے کوئی مانگ نہیں کی، جس طرح ایک بھائی دوسرے بھائی کی مدد کرتاہے، سعودی عرب نے اسی طرح پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک جس نے کبھی پاکستان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کیلئے اپنے دروازے کھولے، سعودی بادشاہ اور ولی عہد محمد بن سلمان کھلے دل سے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، میں سعودی عرب کے دورے کر کے آیا، وہ تو کہتے ہیں آپ منصوبے لائیں ہم آپ کی مدد کریں گے۔وہ کیا سوچیں گے کہ ہمارے لیے اچھے کلمات کے بجائے ایسا بیان دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان ایٹمی طاقت بنا، میں نوازشریف کے ساتھ سعودی عرب میں تھا، سعودی شاہ عبداللہ نے نوازشریف کا ہاتھ پکڑا، کہا آپ میرے بھائی ہیں، شاہ عبداللہ نے پھر فوراً کہا نہیں نہیں، آپ میرے سگے بھائی ہیں، پاکستان پر پابندیاں لگیں تو سعودی عرب نے مفت تیل دیا، پرویز مشرف دور میں مفت تیل کی فراہمی کو بڑھا دیا، سعودی عرب نے پاکستانی عوام کی مدد کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر بھی دیئے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چند ماہ پہلے آئی ایم ایف پیکج کیلئے سعودی عرب نے مدد کی، آج ان کے دل پر ایسے الزام سے کیا گزررہی ہوگی، نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں، ذاتی اور سیاسی مفاد کیلئے پاکستان کے مفاد کو ذبح کیا جا رہاہے، پاکستان اور سعودی عرب کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سعودی عرب جیسے انتہائی پائیدار دوست اور ملکی مفادات سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، کل کے بیان سے پاکستان سے زیادہ دشمنی نہیں کی جا سکتی۔