کچھی کینال کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ میرےلیے بہت اطمینان اور خوشی کا دن ہے، شہباز سپیڈ سے کام مکمل ہونے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، کچھی کینال کئی سو کلومیٹرکا طویل راستہ ہے، کچھی کینال کا منصوبہ نوازشریف کے دور میں شروع ہوا، آج شہبازحکومت میں تکمیل ہوئی تو یہ بھی نوازشریف کا دور ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے دل میں پاکستان کا درد ہے، شہبازشریف چاہتے ہیں کہ چاروں صوبوں کو ایک دوسرے کے قریب لے آئیں، کئی سال بعد پاکستان سے ہرروز اچھی خبر آتی ہے، شہبازشریف کی 16ماہ کی حکومت میں روز خبرآتی تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے، آج یہ بات ہوتی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ روزانہ ریکارڈ توڑ رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ96ہزار تک پہنچ چکی ہے، مہنگائی میں کمی ہوئی، عوام کی زندگیوں میں آسانی آئی، لوگ خوش ہیں اسی لیے مخالفین کے احتجاج اور دھرنے کی کالیں ناکام ہورہی ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ شہبازشریف کی حکومت میں روٹی 5روپے کی ملتی تھی، 4سال اتنی نااہلی رہی ہے روٹی 25روپے تک جا پہنچی، آج شہبازشریف کی حکومت میں روٹی 12روپے کی مل رہی ہے۔ جب مہنگائی کم ہوتی ہے، ترقی ہوتی ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی ہے، جب لیپ ٹاپ دیئے جاتے ہیں، چاروں صوبے قریب آتے ہیں، ن لیگ کی حکومت ہوتی ہے، شہبازاسپیڈ اپنے آپ نہیں ہوتی، شہبازشریف صبح 6بجے اٹھ کر کام شروع کر دیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ 4سال خارجہ پالیسی پر دنیا سے تعلقات پرحملے کیےگئے، دوستوں کو ناراض کیا، دشمنوں میں تبدیل کیا، دوستوں کو دور کیا، شہبازشریف دوست ممالک سے تعلقات کی بہتری کیلئے بہت کام کررہے ہیں، پاکستان میں ایس سی او کانفرنس بہت سال بعد دیکھی، شہبازشریف معیشت اورخارجہ تعلقات پر جو کام کررہے ہیں ان سے آج بھی حملے بند نہیں ہوئے، میں نے ایک ویڈیودیکھی تو مجھے یقین نہیں آیا، تصدیق کرائی تو پتہ چلا کہ ویڈیو اصلی ہے۔