راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جج امجد علی شاہ نے سماعت کرتے ہوئے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 14 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ٹیکسلا پولیس نے دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر اعظم سواتی کو عدالت میں پیش کیا تھا اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ اعظم سواتی کو دو دن قبل اٹک جیل سے رہا ہونے پر ٹیکسلا پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کہ اعظم سواتی پر تھانہ ٹیکسلا میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج ہے۔