وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے الوداعی ملاقات کی۔ دوطرفہ تجارت بڑھانے اورکاروبار، ثقافت، کھیلوں اورتعلیمی تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر میتسوہیرا واڈا نے الوداعی ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان طویل المدتی تعاون، مشترکہ اقدار، اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے تجارت، کاروبار، ثقافتی، کھیلوں، نوجوانوں اور تعلیمی تبادلوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کافی صلاحیت موجود ہے اور حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں جاپان کی ترقیاتی اور معاشی معاونت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔جاپانی سفیر نے صحت، تعلیم، ماحولیات، پانی اور گورننس جیسے شعبوں میں پاکستان کی حمایت کے لئے جاپان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔