ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ حکومت آنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر کوئی بُرا اثر نہیں پڑے گا، پاکستان اور امریکہ کےتعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جیت پر مبارکباد دی۔ امریکہ کے ساتھ دہائیوں پرانے تعلقات ہیں، پاک امریکہ تعلقات میں مزید مضبوطی کے خواہاں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 11 نومبر سے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کریں گے، وزیراعظم ریاض میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے، او آئی سی اجلاس اسلامی ممالک کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے منعقد کیا جا رہا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سمٹ کی سائیڈ لائنز پر وزیر اعظم او آئی سی رہنماوں سےملاقاتیں کریں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ساتھ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف باکو کا بھی دورہ کریں گے، وزیر اعظم باکو میں کلائمیٹ چینچ کوپ 29 میں شرکت کریں گے، کوپ 29 ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب لاکھوں پاکستانیوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم شہبازشریف نے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی، پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتاہے۔ غزہ میں نسل کشی فوری بند کرنے کیلئے اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی بھوک ہڑتال پر شدید تشویش ہے، حریت رہنما یاسین ملک کو فوری طور پرصحت کی سہولیات دی جائیں۔ بھارتی حکومت سے یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔