پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ نعیمہ بٹ، جو کہ ڈرامے "کبھی میں کبھی تم" میں رباب کے کردار سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر کے بارے میں دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
نعیمہ بٹ نے ایک ٹی وی شو میں اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔ اداکارہ نے کہا کہ اگر انہیں بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملے، تب بھی وہ اپنے بال مکمل طور پر نہیں کٹوائیں گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ زمانہ طالب علمی میں فٹبال کی شوقین تھیں اور پنجاب کی نیشنل ٹیم کا حصہ بھی رہ چکی ہیں انہوں نے کالج کے دوران لڑکیوں کا ایک گینگ بھی بنایا۔ اداکارہ نے بتایا کہ بچپن میں ان کا وزن زیادہ تھا لیکن بعد میں انہوں نے فٹنس پر کام کر کے وزن کم کیا۔
نعیمہ بٹ نے مزید بتایا کہ انہیں تھیٹر سے لگاؤ ہے اور انہوں نے 15 سال تک تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں میں کام کیا، یہاں تک کہ امریکا سے اس شعبے میں تعلیم بھی حاصل کی۔
پروگرام میں ان کے بڑے اور گھنے بالوں کے حوالے سے سوال کیا گیا تو نعیمہ نے جواب دیا کہ یہ ان کے والدین سے ملے ہوئے جینز کا کمال ہے، اور وہ خاص غذاؤں کا بھی خیال رکھتی ہیں، جس سے ان کے بال صحت مند رہتے ہیں۔
نعیمہ بٹ نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک بار بال نہ کٹوانے کی وجہ سے ایک پروجیکٹ سے باہر ہو چکی ہیں، لیکن انہوں نے اپنی پسند پر سمجھوتہ نہیں کیا۔