محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی ) اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے صوبے میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور 3 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں نے دہشتگردوں کی راہشام موسیٰ خیل میں موجودگی کی نشاندہی کی تھی جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گرد گروپ کو گھیرے میں لیا اور اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں شدید جھڑپ ہوئی۔
سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے تین دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جبکہ 2 گرفتار کر لیے گئے۔
5 سے 7 دہشتگردرات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حکام کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی بلوچستان نے دہشت گردوں کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا خراج تحسین
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا گیا، بلوچستان میں امن کیلئے ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کو سلام پیش کرتی ہے۔