وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئین پاکستان آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی دنیا کو باخبر رکھنے کیلئے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں، بد قسمتی سے صحافیوں کو سچ بولنے کی پاداش میں مختلف خطرات، مصیبتوں اور صعوبتوں کو جھیلنا پڑتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں، پاکستانی صحافیوں نے جمہوریت، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کیلئے عظیم قربانیاں دیں، ہماری حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے صحافی و میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ 2021 پاس کیا گیا، صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس بھی وفاقی حکومت کے صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے، آئین پاکستان آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی کنونشنز کے باوجود درجنوں صحافیوں کو دانستہ قتل کر کے سچ کا راستہ روکا گیا، صحافیوں کے قتلِ عام پر اقوامِ عالم اور بین الاقوامی تنظیموں کو اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئیے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر،فلسطین سمیت ہر ملک میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوری معاشرے کیلئے آزاد صحافت کا ہونا نہایت ضروری ہے ۔۔ صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں ۔ ظلم ، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی قابل تحسین ہیں ۔
مریم نواز نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن وداعی ہوں، صحافیوں کےحقوق کے تحفظ کے لیے اقدام حکومت کا فرض ہے ۔۔ بے گھر صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سچ اور حق کی راہ پر چلنے والے ذمہ دار اور باوقار صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔