صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد ہی روڈا کے پلاٹس صحافیوں کے حوالے کریں گی۔
جمعرات کو صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے لاہور پریس کلب کے پروگرام ’ میٹ دی پریس ‘ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صحافی برادری کو روڈا کے پلاٹس کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنائی۔
تقریب کے آغاز میں صدر پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کو خوش آمدید کہتا ہوں، عظمیٰ بخاری ہمارے لئے وزیر نہیں بلکہ ایک بہن کی طرح ہیں، ان کا رویہ حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، ہمیشہ ایک جیسا ہی رہا ہے کلب اور صحافی کے کسی بھی مسئلے اور حقوق کے لئے ان کی کاوشوں کی کوئی مثال نہیں ملتی، یہ بہترین صحافی دوست وزیر ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھمکیوں والی قسط کے بعد میں نے بھائی بہن نہ کہنے کا فیصلہ کیا تھا ، لیکن آپ سب میرے بھائی اور بہنیں ہیں، اسی پریس کلب کے باہر ہم سخت موسم میں احتجاج کرتے تھے تو میں سوچتی تھی کہ صحافیوں کے لئے یہ کروں گی وہ کروں گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میری وزیراعلیٰ صحافیوں کے لئے ہر بات پر فورا مان جاتی ہیں، وزیراعلی خود آ کر پریس کلب میں 5 کروڑ کا چیک دینا چاہتی تھیں، مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ بہت زیادہ کر رہی ہیں ، ایک سال سے کم عرصے میں 80 مختلف منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے جو حکومتیں 5، 5 سال میں نہیں کر پاتیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج ایف بلاک کے حوالے سے بھی میٹنگ ہوئی ہے، کچھ صحافیوں کے پلاٹس ان کو نہیں مل سکے تھے ، مجھے موقع ملا ہے تو میں ان تمام صحافیوں کے لئے کچھ نا کچھ کر سکوں، آج ایف بلاک کی ڈیمارکیشن کا لیٹر میں ساتھ لے کر آئی ہوں، دعوے کرنے کے باوجود بہت سے وزرا یہ کام نہیں کر سکے، لیکن اللہ نے مجھ پر فضل فرمایا اور میرے ہاتھوں یہ کام ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ارشد انصاری کا مجھے ساتھ نہ ملا ہوتا تو میں آپ صحافیوں کے لئے وہ سب کچھ نہ کر پاتی، میری خوش قسمتی ہے کہ میری لیڈر مریم نواز ہیں اور آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کے لیڈر ارشد انصاری ہیں، مریم نواز جلد ہی روڈا کے پلاٹس صحافیوں کے حوالے کرینگی ، اس روڈا پر حکم امتناعی ہم نے مل کر ختم کروایا ، جلد ہی اس نئی سکیم کے لئے درخواستیں مانگ لی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کیمرے کے پیچھے کھڑے میڈیا ورکرز کے پلاٹس کے لئے بڑی جنگ لڑی، ابھی درخواستیں آتی ہیں تو پھر پلاٹ کا حتمی سائز طے کریں گے، میں ایک اور لیٹر اپنے ساتھ لے کر آئی ہوں جس کے تحت مختلف گرانٹس کو مناسب حد تک بڑھا دیا گیا ہے، صحافیوں کی تمام درخواستوں کو میں نے منظور کر کے بھیج دیا ہے، اللہ کرے کہ پنجاب کا خزانہ اتنا مضبوط ہوں کہ ہم صحافیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں مخالفین کا طرہ امتیاز ہے کہ وہ ہر معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، لیکن میری وزیراعلیٰ کام اور خدمت پر یقین رکھتی ہیں، حکومت پنجاب کسانوں کے لئے بہت سے اقدامات کر چکی ہیں، تمام زرعی آلات پر سبسڈی اور غریب کسانوں کو کرائے پر زرعی آلات دئیے جائیں گے، حکومتوں کو فساد نہیں کرنا چاہیئے اور مولا جٹ نہیں بننا چاہیئے بلکہ کام کرنے چاہیئں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اسی پریس کلب کے باہر مفت ادویات بند ہونے پر مریض اور لواحقین احتجاج کر رہے ہوتے تھے، ہم سیاسی رواداری پر یقین رکھتے ہیں اس لئے پیپلزپارٹی کی کی گئی کئی باتوں کو ہم نظر انداز کر دیتے ہیں، ارشد انصاری نے وزیراعلی کی گرانٹ کو سولر سسٹم لگا کر صحیح استعمال کیا ہے ، میری تجویز ہے کہ اس کلب کو فیملی کلب بنایا جائے جس کے لئے میرا محکمہ کچھ کر سکے تو میں حاضر ہوں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے خواتین کے لئے سکوٹیز کی سکیم کا اعلان کر رکھا ہے ، صحافی خواتین کے لئے وزیراعلیٰ سے مناسب وقت پر سکوٹیز وغیرہ کا اعلان کرواؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے تمام صحافی قابل احترام ہیں، فیز ٹو کے لئے درخواستیں آئیں گی تو ان کی سکروٹنی کریں گے، پریس کلب کے پہلے سے موجود اراکین کی فہرست ہمارے پاس آ چکی ہے، ان کو دوبارہ درخواستیں دینے کی ضرورت نہیں ہو گی، لاہور سے باہر والے اضلاع کے صحافیوں کے لئے ملتان میں فیز ٹو اور ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر صحافیوں کی کالونی ہونی چاہیئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدرآمد کے حق میں ہوں اور میں اس پر ہمیشہ بات بھی کر چکی ہوں، میں مالکان سے درخواست کروں گی کہ میڈیا ورکرز کی کم از کم تنخواہ لازمی دی جائے اور تنخواہیں تاخیر کر کے زیادتی نہ کریں، کسی میڈیا چینل کو پیسوں کی کوئی کمی نہیں کیونکہ سب کو اشتہارات کے پیسے بروقت ادا کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ آج ہم نے سولر سسٹم کے افتتاح کے لئے عظمی بخاری کو بلایا تھا ، یہ سسٹم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی گرانٹ کی وجہ سے ہی ممکن ہو پایا، ایک سازش کے تحت عظمیٰ بخاری پر صحافیوں کو دھمکی دینے کا غلط الزام لگایا گیا، عظمیٰ بخاری نے بطور وزیر جو کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
ارشد انصاری نے کہا کہ لاہور پریس کلب کا ہر کونسل ممبر پلاٹ کا حقدار ہو گا، پی ٹی وی، اے پی پی، ریڈیو پاکستان کے صحافیوں کے ساتھ ڈی جی پی آر والے ملازموں کو اس سکیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر صدر ارشد انصاری نے صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہدبخاری کو لاہور پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ سوینئر پیش کیا اور انہیں کلب کارڈ اور پھول پیش کئے۔
صدر ارشد انصاری نے کلب میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لئے سیکرٹری زاہد عابد کی سربراہی میں قائم سولر سسٹم کمیٹی کے دیگر ارکان فنانس سیکرٹری سالک نواز، سابق سیکرٹری ذوالفقارعلی مہتو ، سابق ممبر گورننگ باڈی سید جواد علی رضوی اور کونسل ممبر عبدالقادر مدنی کی کاوش کو سراہا اور انھیں اعزازی شیلڈز پیش کیں۔