وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میڈیا میں نئے چیف جسٹس کو نہ ماننے کی باتیں کرنے والے ان کی حلف برداری کی تقریب میں آگے بیٹھے تھے۔ چھبیسویں آئینی ترمیم سے پارلیمان مضبوط ہوئی اسلیے ان کو تکلیف ہورہی ہے۔
کالاشاہ کاکو میں کسانوں کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت اور کسانوں میں غلط فہمی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ فتنہ، فساد اور سازش ہی ان کا کام ہے۔ حکومت میں بھی آئے تو بھی صرف گالم گلوچ اور الزام تراشیاں کرتےرہے، کارکردگی صفر تھی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ ترقی کا راستہ کھیت سے گذرتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑا سپرسیڈر پراجیکٹ لانچ کیا اور رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں کاشتکاروں کو سپرسیڈر کی تقسیم کا آغاز کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں 300 سپر سیڈر تھے آج سے مزید ایک ہزار شامل ہو گئے۔ پانچ سالوں میں 5 ہزار سیڈد ہونگے ۔ تیرہ لاکھ کا سپرسیڈر لینے کے لئے کاشت کار کو 5 لاکھ دینے ہونگے ۔ 8 لاکھ روپے حکومت دے گی۔ کہا کہ سپر سیڈر کے استعمال سے ماحول آلودہ نہیں ہوگا۔ اسموگ کو ختم کرنے میں عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔