وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسٹوڈنٹ یونین بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں سرکاری کالجوں کی سولرائزیشن منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جلد اسٹوڈنٹ یونین بحال کردیں گے، طلبا کیلئے اسکالرشپس بڑھارہے ہیں۔ مقابلہ کرنےکی جرأت سےآپ کی سوچ بڑھے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان قرضوں میں ڈوباہے،ہم اپنےفیصلے خود نہیں کرسکتے، انصاف میرٹ، معاشرے میں انصاف سے تمام مسائل حل ہوجاتے ہیں، محرومی قوموں کو ہمیشہ نیچے لے کرجاتی ہے۔ ناکامی کے بعد ناامید نہیں ہوناچاہیے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خودمختاری اور فیصلے خود کرنے تک ہم آزادنہیں ہوسکتے، آئین کےمطابق حق مانگنے پر جیلوں میں ڈالاجاتاہے،ظلم کیا جاتاہے، حقیقی آزادی کیلئے جنگ جاری ہے اور جاری رہے گا، قوم اور نسلوں کیلئے حقیقی آزادی کی جنگ جیتیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ فیصلہ کن جنگ کاوقت قریب ہے، اگرہم واپس نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا، ہمیں سمجھ آگئی اس ملک میں شرافت سے حق نہیں ملتا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری کالجوں کو سولر پر منتقل کرنے کا اغاز کر دیا۔ افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گورنمنٹ کالج پشاور میں کیا ۔ فی کالج دس کے وی اے سولر سسٹم کی کل لاگت 24 لاکھ دس ہزار روپے ہے ۔ منصوبے کے تحت اسی سرکاری کالجوں میں دس کے وی اے سولر سسٹم کی تنصیب کی جائے گی ۔ جن میں سے اب تک دس کالجوں کی سولرائزیشن مکمل کر لی گئی ہے، سولر سسٹم کی تنصیب سے ماہانہ گیارہ سے بارہ ہزار تک بجلی کے یونٹس کے استعمال میں کمی آئے گی۔