وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اوور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے فتنہ الخوارج کے دو خودکش حملہ آوروں اور سرغنہ سمیت نو دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صدراستحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ خوارج کی سر کوبی کیلئے بر سر پیکار پاک فوج دفاع وطن اور بقائے امن کا وعدہ پورا کر رہی ہے۔ مسلح افواج اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے نمٹنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔ دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ کے باوجود پاکستان امن کاعلمبردارہے۔ ثابت ہو گیا کہ ہمارے عسکری ادارے وطن عزیز پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔