وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے دورہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے امدادی فریم ورک میں سماجی تحفظ کے اقدامات شامل کرنے پر زور دیا ہے۔ ماحولیاتی استحکام کیلئےامداد کی فراہمی مزید بڑھانے کا مطالبہ بھی کردیا۔
واشنگٹن میں وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے ایم ڈی آئی ایم ایف کی کانفرنس میں شرکت کی۔ جس میں مختلف وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرزاورمالیاتی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
محمد اورنگزیب نے کہا ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک کی امداد کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کی جائے، رعایتی قرضوں کی فراہمی کے طریقہ کارمیں بہتری لائی جائے۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے جفریز انٹرنیشنل کی گول میزکانفرنس میں بھی شرکت کی۔ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مثبت معاشی اشاریوں سےمتعلق آگاہ کیا۔ توانائی شعبے کے نقصانات میں کمی اور گورننس میں بہتری سے متعلق بتایا۔
وزیر خزانہ نے کہا نجکاری میں تیزی اور حکومتی اخراجات کاحجم کم کرنے کیلئے اصلاحات جاری ہیں، وزیرخزانہ نےاخراجات پر قابو پانے کیلئے کی جانے والی اصلاحات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔