روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 8.581 ار ب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگست 2024 میں سمندر پار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے 165 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جس کے بعد ستمبر 2020 سے لے کر اب تک ان اکائونٹس کے ذریعے سمندر پارپاکستانیوں کی ترسیلات زر کاحجم 8.581 ارب ڈالر ہو گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے اب تک ملک میں 1.495 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں نے نیا پاکستان روایتی سرٹیفکیٹ میں اب تک 370 ملین ڈالر ، نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹ میں 638 ملین ڈالر اور پاکستان سٹاک ایکس چینج میں 41 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اگست 2024 میں مزید 11515 سمندر پار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کھولے جس کے بعد ان اکائونٹس کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 35ہزار 113 ہو گئی ہے۔