پارلیمان میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
اجلاس میں کمیشن ارکان، سیکرٹری اور قانونی ٹیم نے شرکت کیں۔ قانونی ٹیم کی جانب سے شرکاء کو سپریم کورٹ کی وضاحت پر بریفنگ د ی گئی۔ مشاورتی اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، الیکشن کمیشن کا اجلاس بدھ کو دوبارہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق لائحہ عمل بنائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ سے مخصوص نشستوں کے کیس میں اکثریتی فیصلہ دینے والے 8 ججز کی وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست تاخیری حربہ ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی درخواست عدالتی فیصلے پرعملدرآمد کےراستے میں رکاوٹ ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست درست نہیں، الیکشن کمیشن نے خود بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین تسلیم کیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن وضاحت کے نام پر اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کرسکتا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تسلیم شدہ پوزیشن ہے، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اقلیتی ججز نے بھی تحریک انصاف کی قانونی پوزیشن کو تسلیم کیا۔ وضاحتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے ارکان ہیں، عدالتی فیصلے پر عمل کے تاخیر کے نتائج ہوسکتے ہیں۔