اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسے کی مشروط اجازت دیدی ، کہا کہ جلسہ کر سکتے ہیں لیکن کسی قسم کا دھرنا نہیں ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں 41شرائط کے ساتھ باضابطہ روٹ پلان بھی بتا دیا گیا، پی ٹی آئی کو پسوال روڈ، سنگجانی کے مقام پر جلسے کی اجازت دی گئی ہے
خیبرپختونخوا اور پنجاب سے بذریعہ موٹر وے آنے والوں کیلئے الگ جبکہ پنجاب سے بذریعہ جی ٹی روڑ آنے والے کارکنان کے لیے الگ روٹ ہوگا۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے لیے بھی الگ الگ روٹ پلان جاری کیا گیا ہے۔
جلسے کا آغاز چار بجے جبکہ اختتام شام سات بجے تک ہوگا۔ دوران جلسہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ کسی قسم کے دھرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ اجازت صرف آٹھ ستمبر کیلئے ہے ، منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق منتظمین جلسے کی انٹرنل سیکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے۔ ریاست مخالف یا مذہبی منافرت پرمبنی تقاریر اور نعروں کی اجازت نہیں ہوگی۔