وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ فوج کے معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ فوج کے معاملات میں مداخلت ہے ، بانی پی ٹی آئی کی مسلسل کوشش ہے کہ اس معاملے کو متنازع بنائیں ۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ فیض حمید کا دفاع کرنے کے بجائے بانی پی ٹی آئی ایک سو نوے ملین پاﺅنڈ کا حساب دیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیانات سے ثابت ہوتا ہے وہ شدید تذبذب اور پریشانی کا شکار ہیں ، وہ فیض حمید کو کبھی اثاثہ ، کبھی ہیرو اور کبھی زیرو کہتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کو استعمال کر کے پھینکنے میں کوئی ثانی نہیں رکھتے ، انہیں محسن کُشی میں مہارت حاصل ہے ۔