مصر میں ایک پولیس افسر کی فائرنگ سے دو اسرائیلی سیاح ہلاک ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق مصری سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسکندریہ میں ایک پولیس افسر کی جانب سے سیاحوں کے ایک گروپ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں دو اسرائیلی سیاح ہلاک ہوگئے ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ایک مصری شہری بھی مارا گیا۔
ایکسٹرا نیوز ٹیلی ویژن چینل کے مطابق پولیس افسر کے حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے جبکہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی زکا ریسکیو سروس نے اسکندریہ میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی۔
دوسری جانب اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی سیاحوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مصری شہر اسکندریہ میں دو اسرائیلی سیاحوں اور ان کے مصری ٹور گائیڈ کو فائرنگ سے ہلاک کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک پولیس افسر نے مبینہ طور پر سیاحوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی اور اطلاعات ہیں کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کئی دہائیوں میں مصر میں اسرائیلیوں پر یہ پہلا حملہ ہے۔