لاہور میں ڈپٹی کمشنر سٹریٹیجک ریفارم یونٹ کے چلڈرن سائبر سیکورٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت انٹرنیٹ پر ہراسگی، سائبر غنڈہ گردی سے بچاؤ اور انٹرنیٹ کے محفوط استعمال حوالے سے طالبات کو سرکاری اسکولز میں خصوصی لیکچرز کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔
انٹرنیٹ پر کم عمر بچیوں کو فراڈ اور ہراسگی سے بچانے کیلئے لاہور انتظامیہ متحرک ہوگئی اور پندرہ سال تک کی لڑکیوں کو انٹرنیٹ پر موجود سیفٹی ٹولز کے بارے میں آگاہی دی گئی جبکہ کم عمر چائلڈ رائٹس ایکٹوسٹ نے خصوصی لیکچر بھی دیا ۔
لیکچر بھی انہی لڑکیوں میں سے ایک ہونہار طالبہ و چائلڈ رائٹس ایکٹویسٹ ضحواہ نورے فاطمہ کی جانب سے دیا گیا ۔
چائلڈ رائٹس ایکٹیوسٹ ضحواہ نورے فاطمہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پر ہراسمنٹ بہت زیادہ ہوگئی ہے بچوں کو پتا نہیں ہوتا کیسے ان سے بچنا ہے اسی لیئے انہیں آج مختلف ٹولز کے بارے میں بتایا ہے جن میں ٹو وے ٹولز اور پکچر سیفٹی وغیرہ شامل ہیں۔
گورنمنٹ کنیئرڈ اسکول کی طالبات نے سائبر سیکورٹی پر مبنی لیکچر کو فائدہ مند قرار دیا اور کہا کہ یہ بہت فائدہ مند لیکچر تھا، ہمیں پتہ چلا کہ ہم نے اپنے آپ کو کیسے محفوظ رکھنا ہے۔
اس موقع پر اساتذہ نے بھی سائبر سیکورٹی ٹریننگ پروگرام کو سراہا اور کہا ایسے سیمینار کا مزید انعقاد ہونا چائیے، انٹرنیٹ پر بہت سے فراڈ ہوتے ہیں ، ہمیں اسکے بارے میں بچوں کو شعور دینا چاہیے ۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے فوائد اور نقصانات کے علاوہ دیگر جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال میں اضافے کے بارے میں بھی سرکاری اسکولز میں لیکچر دئیے جا رہے ہیں ۔