وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے کویتی سفیر نے ملاقات کی ہے۔ سفیر نے کہا کہ کویتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تمام معاہدوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان اور کویت کے سفیر عبدالرحمن جے المطیاری نے پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ کویت اور پاکستان کے مابین جی ٹو جی اور بی ٹو بی منصوبوں میں اشتراک پر بھی گفتگو ہوئی۔ کویتی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی مضبوطی اور باہمی اشتراک کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
پاکستان سے تعلقات اہمیت کے حامل، تمام معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ عبدالرحمن جے المطیاری نے کہا کہ کویت مستقبل میں پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ کویتی سفیر نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے کہا کہ آپ کے حالیہ دورہ کویت سے تعلقات کے فروغ میں خاطر خواہ مدد ملی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات زیادہ مربوط انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔