ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) نے اپنے پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن ریفارم یونٹ کے تحت، ہائر ایجوکیشن ڈیولپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) پروجیکٹ کے زیر سایہ، حکومت سندھ کے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ کیلئے دو روزہ استعداد کار میں بہتری کیلئے ٹریننگ کا انعقاد کیا۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام تربیتی سیشن 20 سے 23 مئی 2024ء کے دوران کراچی میں ایچ ای سی ریجنل سینٹر میں منعقد ہوا، اس ٹریننگ میں 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
اساتذہ کی تربیت کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، جس کی قیادت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر کاشف سہیل ملک اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ ایجوکیشن لیڈر شپ کے چیئرمین ڈاکٹر عابد شہزاد نے کی۔
پروگرام میں مختلف ماڈیولز کا احاطہ کیا گیا جس میں آن لائن تدریس کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال، پی ای آر این سہولیات، تکنیکی تشخیص، لرننگ مینجمنٹ سسٹمز، سمسٹر کے اصول و ضوابط، سمسٹر سسٹم کی منصوبہ بندی اور انتظام، ممتحن سے متعلق تربیت و جدید طریقۂ کار، طلباء کی رائے، پیمائش سیکھنے کے نتائج اور معیار، تدریسی طریقۂ کار اور نصاب و کورس کی تیاری شامل ہیں۔
جاوید علی میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے ایچ ای سی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیکلٹی ممبران کو جدید ترین تعلیمی ٹیکنالوجیز اور تدریسی طریقۂ کار سے آراستہ کرکے ایچ ای ڈی پی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ سندھ کے الحاق شدہ کالج طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرسکیں اور ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
جاوید علی میمن نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ سندھ کے الحاق شدہ کالج طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرسکیں۔