پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے خصوصی پیغام میں محمد عامر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا۔
اپنے پیغام میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ میرا پاکستان کی طرف سے کھیلنا ابھی بھی خواب ہے، زندگی کبھی ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں فیصلوں کی نظر ثانی کرنی پڑتی ہے، میرا اور پی سی بی کا پازیٹو چیزوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔
محمد عامر نے کہا کہ خاندان اور قریبی دوستوں سے مشورہ کیا اور فیصلہ کیا کہ ابھی پاکستان کے لئے مزید کھیل سکتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے لئے قومی ٹیم کو دستیاب ہونگا، میں ذاتی فیصلوں سے ہٹ کر یہ صرف اپنے ملک کے لئے کر رہا ہوں۔
یاد رہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے 17 دسمبر 2020 کو انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا۔