صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ’ لاہور پریس کلب ‘ کے صدر ارشد انصاری نے روڈا کی جانب سے صحافیوں کو بانٹے گئے پلاٹوں کے طریقہ کار پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے مذمت کی ہے اور کہا کہ وہ کسی طرح بھی سینئر اور حق دار صحافیوں کے حق پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ ان کیلئے بھر پور قانونی جنگ لڑیں گے ۔
روڈا کے افسران اور عملے نے گزشتہ روز صحافیوں کے نام پر کرپشن کی نئی داستان رقم کرتے ہوئے اپنی جیبیں بھرنے اور قومی اثاثے کے ساتھ کھیلنے کی بھر پور کوشش کی اور صحافیوں کی حقیقی نمائندہ تنظیم ’ لاہور پریس کلب ‘ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ، جو کہ قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے غلط ہے ، روڈ ا کی اس نا انصافی اور اپنے قریبی لوگوں کو نوازنے کی خواہش کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیا جائے گا ، لاہور پریس کلب نے کل روڈا کی سرکاری میڈیا اور سینئر صحافیوں کے ساتھ کی گئی ناانصافی کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ، جس میں پنجاب بھر کے صحافی بھر پور شرکت کرتے ہوئے اپنے حق اور قومی اثاثے کے ساتھ ہونے والے کھلواڑ کیلئے آواز بلندکریں گے ، جبکہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے قانونی ماہرین کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ بھی شرو ع ہو چکاہے جس کے جلد ہی مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔