میرپورخاص کی تحصیل شجاع آباد کے علاقے میرواہ میں شادی کی تقریب میں کھانا کھانے کے بعد 35 باراتیوں کی واپسی آبائی علاقے پہنچتے ہی حالت غیر ہوگئی، تمام افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میرپور خاص کے نواح گاؤں جھڑبی کے رہائشی ملک راجپوت برادری سے تعلق رکھنے والے افراد میرواہ بارات لے کرگئے اور واپس گاؤں پہنچنے کے تھوڑی دیر کے بعد باراتیوں کی حالت غیر ہونے لگی۔
مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث اولڈ سول اسپتال اور ڈسٹرکٹ سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے لائے جانے والے مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
باراتیوں نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بتایا کہ قریبی عزیز کے گھر بارات لے کر گئے تھے، کھانے کے بعد آبائی علاقے پہنچتے ہی غیر ہونے لگی جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال لے جانے والے تمام افراد فوڈ پوائزنگ کا شکار ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ اسپتال انتظامیہ کی نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔