سعودی وزارت حج کی جانب سے عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمرہ پرمٹ کی پابندی کریں۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے زائرین حرم کو رش سے بچانے کےلیے عمرہ پرمٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت عمرہ کرنے والے اپنے لیے اس وقت کا انتخاب کرسکتے ہیں جب انہیں سہولت ہو اور حرم شریف میں رش بھی نہ ہو۔
وزارت حج نے کہا کہ نسک پورٹل کے ذریعے دن اور وقت کا انتخاب کرکے پرمٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
پرمٹ کا حصول عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے ہے۔عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد بہتر ہے کہ وقت مقررہ سے کچھ دیر قبل حرم شریف پہنچ جائیں تاہم اگر وقت پرپہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہو تو بہتر ہے کہ پرانے پرمٹ کو کینسل کرکے نیا پرمٹ جاری کرلیا جائے۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وبا کے دوران عمرہ پرمٹ کا حصول لازمی تھا جس کے بغیر کوئی شخص عمرہ کےلیے مکہ مکرمہ نہیں جاسکتا تھا۔