آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقا میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گئی۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، ہرجاس سنگھ 55 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، ہوف ویبجین نے 48، اولیور پیک 46 اور ہیری ڈکسن نے 42 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے راج لمبانی نے 3 اور نمن تیواری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارتی انڈر 19 ٹیم 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آدرش سنگھ 47 اور موروگن ابھیشیک 42 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، بھارت کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔
کینگروز کی جانب سے ماہلی بیئرڈ مین اور راف میک ملن نے 3، 3 جبکہ کیلم وائیڈلر نے 2 شکار کئے۔
آسٹریلیا نے بھارت کو 79 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا، کینگروز انڈر 19 ٹیم مجموعی طور پر چوتھی بار عالمی چیمپئن بنی۔
آسٹریلیا کے ماہلی بیئرڈ مین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ جنوبی افریقا کے کوینا مفاکا ایونٹ میں 21 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں بھی بھارت کو شکست دی تھی۔