ملک میں خام تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر2023 تک کی مدت میں خام تیل کی درآمدات پر 2.053 ارب ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد کم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خام تیل کی درآمدات پر 2.273 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ نومبر میں خام تیل کی درآمدات کا حجم 566 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال نومبر میں خام تیل کی درآمدات پر 546 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں خام تیل کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں خام تیل کی درآمدات کا حجم 540 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا جو نومبر میں بڑھ کر 566 ملین ڈالر ہوگیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں 16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔