سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے علی بابا کی ذیلی کمپنی کو کو ٹیک کو لائسنس جاری کر دیا۔ صارفین کیلئے آسان قسطوں پر خریداری ممکن ہوگی۔
دنیا کی صف اول کی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا نے پاکستان میں باضابطہ انٹری دے دی ہے اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے اس کی ذیلی کمپنی کوکو ٹیک پاکستان کو نان بینکنگ فنانس کمپنی کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔
کوکو ٹیک پاکستان، بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی علی بابا گروپ کا حصہ ہے، جس کے تحت صارفین اب ای کامرس پلیٹ فارمز سے آسان قسطوں پر اشیا کی خریداری کر سکیں گے۔
ایس ای سی پی کے مطابق علی بابا پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرے گی جبکہ ملک کی بڑی صارف مارکیٹ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے کشش رکھتی ہے۔
چیئرمین کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مالیاتی خدمات کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور اس اقدام سے نوجوانوں، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کیلئے مالی سہولیات تک رسائی بہتر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی بابا گروپ کی شمولیت سے مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے گا اور جدت کو فروغ ملے گا۔






















