ایران کیساتھ جنگ بندی مذاکرات کےلیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں امریکا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈمارشل عاصم منیر نے استقبال کیا۔
امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کررہے ہیں۔ امریکی وفد میں نائب صدرجے ڈی وینس کے علاقہ اسٹیووٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق امریکی نائب صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی اور عالمی سطح پر دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے امریکا کے عزم کو سراہا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے اس امید کا اظہار کیا کہ فریقین تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے۔ اس موقع پر انھوں نے تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کو سہولت فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں رات گئے مذاکرات کیلئے ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا، اسپیکر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد میں وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے۔
امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان شیخ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کا کام فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھانا تھا۔ دونوں جانب سے تعمیری سوچ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ مذاکراتی عمل آگے بڑھے گا تو مسائل خود بہ خود حل ہوتے جائیں گے۔





















