پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں ریکارڈ اضافہ،مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان نے امریکا کو تین ارب ڈالر تک کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ ایک ارب باسٹھ کروڑ کا سامان امریکا سے منگوایا گیا۔ مالی سال کی پہلی ششماہی میں دوطرفہ تجارتی حجم چار ارب اکسٹھ کروڑ ڈالر رہا۔
دستاویزات کےمطابق پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں 3 سے 4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،6 ماہ میں پاکستان نے امریکا کو 3 ارب ڈالر تک کی مصنوعات برآمد کیں،6 ماہ کے دوران امریکا سے 1.62 ارب ڈالر کا سامان درآمد کیا گیا،پاک امریکا مجموعی دوطرفہ تجارتی حجم 4.61 ارب ڈالر رہا،تجارتی توازن 1.36 ارب ڈالر پاکستان کے حق میں رہا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال امریکا کو 2 ارب 90 کروڑ ڈالر کی مصنوعات بھیجی گئی تھیں،امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 6 ماہ میں 3 فیصد،8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا، ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس 4 فیصد اضافے سے 2 ارب 47 کروڑ ڈالر رہیں۔
دستاویز کےمطابق مینوفیکچرنگ اورمائننگ کی برآمدات 3 فیصد بڑھ کر 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہوگئیں، زرعی اور غذائی اشیاء کی برآمدات 9 فیصد اضافے سے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی،پاکستان نے گزشتہ سال امریکا کو مجموعی طور پر 5.28 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس کیں،دوطرفہ مجموعی تجارت کا سالانہ حجم 8.71 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
امریکا اور یورپی یونین سےبھارتی ڈیل کے بعد پاکستانی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پاکستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف کی شرح 19 فیصد، بھارتی مصنوعات پر 18 فیصد ہے۔




















