محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں بعد از دوپہر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں شام اور رات میں چند مقامات پر تیز بارش، ژالہ باری متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد رہے گا، شام اور رات میں پنجاب کے بالائی اضلاع میں تیزبارش،ژالہ باری کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردو نواح میں شدید بارش اوربرفباری متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری متوقع ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود اورموسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ کراچی، سجاول، ٹھٹھہ اور بدین میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین،مسلم باغ، قلعہ عبداللہ میں بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔ کوئٹہ ، زیارت، قلات اور پشین سمیت دیگر اضلاع کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔
ممکنہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش اور نقصان کاخطرہ ہے، بارش اوربرفباری کےباعث سڑکوں پرپھسلن اورٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کیلئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔






















