چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات چاہتی ہے تو دونوں ہاتھ ملائے۔ ایک ہاتھ مکا دوسرا ہاتھ ملانا ایسے نہیں چلے گا، سیاسی جماعتوں میں بات چیت میں شرائط نہ لگائیں۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی لوگ سیاسی حل ڈھونڈتے ہیں، دشمن نہیں ہیں، سیاسی اختلافات ہیں جو ہمیشہ رہیں گے۔ میرے پاس مذاکرات کا اختیار نہیں ہے ، مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اورعلامہ راجا ناصر عباس کے پاس ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ٹیبل پر بیٹھ کر گفتگو کے ذریعے حل نکالے جاتے ہیں، دشمن نہیں ہیں سیاسی اختلافات ہیں جو ہمیشہ رہیں گے، پارلیمنٹ میں سارے یک زبان نہیں ہو سکتے، جس پارلیمان میں سب یک زبان ہوئے، میں اس کو جمہوریت نہیں سمجھتا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے ،بات چیت خلوص کے ساتھ کریں ، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ کیوں روکا گیا ہے، بانی اور بشری بی بی کی فیملی سے ملاقاتوں پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، اگر بانی پر اتنے کیسز ہیں تو وکلا کی بانی تک رسائی ہونی چاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں سے متعلق وزیر اعظم سے ملاقات محمود خان اچکزئی کے ہاتھ میں ہے، پی ٹی آئی وفد اس بارے میں اسپیکر سے ملاقات کر چکا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے وفد کو کہا تھا پوچھ کر بتائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی کوئی آڈیو لیک میں نے اب تک خود نہیں سنی ،آڈیو لیک سے متعلق بانی نے خود ماضی میں خدشات کا اظہار کیا تھا، بانی نے ذکر کیا تھا میرے سیل میں خفیہ کیمرے لگے ہیں۔






















