ٹی 20 ورلڈ کپ بدستور تنازعات کی زد میں ہے، آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کوورلڈکپ سے متعلق فیصلے کیلئے آج تک کی ڈیڈ لائن دی ہے تاہم بی سی بی نے میچز بھارت میں نہ کھیلنے کے مؤقف کو دہرایا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح کیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو بھارت میں کسی قسم کا سکیورٹی خطرہ لاحق نہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول برقرار رہے گا۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کے میچز بھارت سے منتقل نہیں کیے جائیں گے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ سے چند روز قبل کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں، جبکہ میچز کی منتقلی سے آئندہ ایونٹس کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی تبدیلی گورننگ باڈی کی غیر جانبداری پر بھی سوال اٹھا سکتی ہے۔
بنگلادیشی اسپورٹس مشیر نے ایک بار پھر بھارت اور آئی سی سی کے سامنے جھکنے سے صاف انکار کردیا۔ کہا سیکیورٹی خدشات ہیں۔ بھارتی سرزمین پر نہیں کھیلیں گے۔ سری لنکا کو متبادل وینیو بنانے کا مطالبہ برقرار ہے۔
غیر یقینی حالات کے باعث بنگلادیشی پلیئرز بھی پریشان ہیں۔ کپتان لٹن داس نے کہا کہ معلوم نہیں ورلڈ کپ کھیلنے جارہے ہیں یا نہیں۔






















