فیصل آباد گھنٹہ گھر کے اطراف واقع امین پور بازار میں پیپر شاپ کی بالائی منزل پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی 15 سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دکانوں میں موجود کاغذ اور کتابوں کی بڑی مقدار کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ریسکیو 1122 کی 10 سے زائد فائرفائٹنگ ٹیمیں اور فائر وہیکلز موقع پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم آگ کی شدت کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود کم نہ ہوسکی۔ واقعے میں متاثرہ پلازے کی بالائی دو منزلیں بھی گر گئیں جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔ ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ کو قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھی موقع پر موجود ہیں جبکہ اطراف کی مارکیٹ بند کراکر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ صورتحال پر قابو پانے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔





















