پنجاب میں ٹریفک جرمانوں میں اضافے کے فیصلے نے ٹرانسپورٹروں کو سراپا احتجاج بنا دیا ہے، جس کے بعد پاکستان کے ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے مطابق حکومت کے سامنے 25 نکاتی مطالباتی ایجنڈا پیش کیا جا چکا ہے، لیکن جرمانوں میں اضافے کے خلاف اُن کے مؤقف کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا گیا۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹارگٹ چالان کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور جرمانوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن
کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے اُن کے مطالبات پورے نہ کیے تو 8 دسمبر سے پنجاب بھر میں جبکہ 10 دسمبر سے ملک بھر میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کردی جائے گی۔






















