سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ کل ہری پور میں ادا کی جائے گی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب خان اسلام آباد کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔
گوہر ایوب خان کی نماز جنازہ کل (ہفتہ 18 نومبر) سہ پہر 3 بجے آبائی گاؤں ریحانہ، ہری پور میں ادا کی جائے گی۔
گوہر ایوب خان سابق وزیر خزانہ عمر ایوب خان کے والد اور سابق مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ایوب خان کے بیٹے تھے۔
گوہر ایوب خان فیلڈ مارشل ایوب خان کے ہاں 8 جنوری 1937ء میں آبائی علاقے ریحانہ میں پیدا ہوئے تھے، وہ 1990ء سے 1993ء تک مسلم لیگ ن کی حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہے۔
گوہر ایوب خان نے 1959ء میں گریجویشن کے بعد پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے 1962ء میں کیپٹن کے عہدے پر پاک فوج سے استعفیٰ دیا اور 1974ء میں سیاست میں قدم رکھا، مسلم لیگ ن کی دوسری حکومت 1997ء میں انہیں وزیر خارجہ بنایا گیا تاہم بعد ازاں انہیں پانی اور توانائی کی وزارت دیدی گئی تھی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوہر ایوب خان کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم گوہر ایوب کی سیاسی میدان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔