ملٹی نیشنل کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل نے اپنا پیداواری یونٹ بند کرکے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹرماڈل اپنانے کا اعلان کردیا۔
پراکٹر اینڈ گیمبل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمپنی نے پاکستان میں اپنے کاروباراور آپریٹنگ ماڈل میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹر ماڈل میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت پی اینڈ جی پاکستان اور جِلٹ پاکستان لمیٹڈ کی پیداواری اور تجارتی سرگرمیاں بتدریج ختم کردی جائیں گی، جبکہ صارفین کوپی اینڈ جی کی مصنوعات خطے میں موجود دیگر آپریشنز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ کمپنی اس پورےعمل کے مکمل ہونے تک کاروبار معمول کے مطابق جاری رکھے گی جس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
فیصلے کے تحت جن ملازمین کی ملازمتیں متاثر ہوں گی انہیں یا تو کمپنی کے بیرون ملک آپریشنزمیں مواقع فراہم کرےگی یا پھرمقامی قوانین اور پی اینڈ جی کی پالیسی کےمطابق علیحدگی پیکجزکی پیشکش کی جائے گی۔






















