لندن میں یومِ تشکر کے سلسلے میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا اور قوم کے عزم و اتحاد کو دنیا بھر کے سامنے واضح پیغام دیا۔
پاکستان ہاؤس لندن میں منعقد کی گئی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، کشمیریوں، ہائی کمیشن کے حکام اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پوری قوم کو اس تاریخی لمحے پر فخر ہے، اور پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ کوئی طاقت ہمارے قومی عزم کی بنیادوں کو کمزور نہیں کرسکتی۔
انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کا وقار اور عزت برقرار رکھنے میں ہماری مسلح افواج کا کردار بے مثال ہے پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کی حمایت کرتا رہا ہے، اور آئندہ بھی ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا رہے گا۔
پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے، تاہم ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔





















