امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کے بعد وہائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان "اسٹریٹجک اکنامک پارٹنرشپ ڈاکیومنٹ" پر دستخط کیے گئے.
وائٹ ہاؤس کے اعلان کے مطابق یہ معاہدے توانائی، دفاع، خلائی تحقیق، معدنی وسائل، ٹیکنالوجی، اور وبائی امراض سے متعلق تعاون پر مشتمل ہیں امریکی محکمہ انصاف کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) بھی شامل ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان قانونی شعبے میں تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔
دفاع کے شعبے میں امریکہ اور سعودی عرب نے تاریخ کے سب سے بڑے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس کی مالیت تقریباً 142 ارب ڈالر ہے اس معاہدے کے تحت سعودی عرب کو امریکہ کی جدید ترین جنگی ٹیکنالوجی، ہتھیاروں اور خدمات تک رسائی حاصل ہوگی، جو ایک درجن سے زائد امریکی دفاعی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
وہائٹ ہاؤس نے اس معاہدے کو امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات میں ایک "نئے سنہری دور" کا آغاز قرار دیا جو دونوں ممالک کو نہ صرف باہمی طور پر قریب لائے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مضبوط پیغام دے گا۔





















